• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوال کا چاند نظر آگیا، عید الفطر 24 مئی کو ہوگی

پاکستان میں شوال 1441ھجری کا چاند نظر آگیا، ملک میں عید الفطر 24 مئی بروز اتوار ہوگی۔

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن نے کی، جبکہ اس مرتبہ بھی اجلاس میں محکمہ موسمیات کے ماہرین کو شامل کیا گیا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمٰن نے چاند کی رویت سے متعلق اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کو ملک کے مختلف حصوں سے چاند کی رویت کی شہادتیں ملیں۔

مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ان شہادتوں کا جائزہ لینے کے لیے وقت لگا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن نے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کیا۔

ایک سوال کے جواب میں مفتی منیب الرحمٰن نے کہا ہے کہ عید کی نماز کے بعد ایک دوسرے سے مصافحہ کرنے یا پھر گلنے ملنے کے بجائے زبانی مبارکباد دے کر گھروں کو رخصت ہوجائیں۔

انہوں نے فواد چوہدری پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ فواد چوہدری پر پابندی عائد کی جائے۔

قبل ازیں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب چاند سے متعلق فیصلہ ہوگا تو میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا۔

چاند کی رویت کے لیے صوبائی رویت ہلال کمیٹیوں کے بھی اجلاس متعلقہ شہروں میں ہوئے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 22 مئی کی رات شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے، آج غروب آفتاب کے بعد دوربین سے چاند واضح نظر آجائے گا، کل ملک بھر میں عیدالفطر ہوگی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بتایا کہ 22مئی کی رات 10 بج کر 39منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے۔

بعد ازاں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ فواد چوہدری میرے اچھے دوست ہیں لیکن آج کل وہ چاند چاند کھیل رہے ہیں، مگر عید کا فیصلہ علماء کرام ہی کریں گے ۔

تازہ ترین