• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رائس پلانٹرز کی فزیبلٹی اسٹڈی تیار کرنے کی ہدایت

وزیر اقتصادی امور احد چیمہ(فائل فوٹو)۔
وزیر اقتصادی امور احد چیمہ(فائل فوٹو)۔

وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت چاول کی پیداوار بڑھانے سے متعلق اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اس موقع پر حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رائس پلانٹرز کے استعمال سے چاول کی پیداوار میں 15فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رائس پلانٹرز کے استعمال سے فی کلو گرام چاول کی پیداواری لاگت میں کمی ممکن ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احد چیمہ نے رائس پلانٹرز سے متعلق جامع فزیبلٹی اسٹڈی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ 

انھوں نے کہا کہ فزیبلٹی اسٹڈی میں منصوبےکی معاشی افادیت اور چاول کی برآمدات پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جائے، قابلِ عمل قرار پانے پر وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے منصوبے میں سرمایہ کاری کرے گی۔  

اعلامیہ کے مطابق فزیبلٹی اسٹڈی میں وفاقی و صوبائی حکومتوں اور کسانوں کے درمیان اخراجات کی تقسیم کا ماڈل تجویز کیا جائے گا۔ 

اعلامیہ کے مطابق رائس ایکسپورٹرز، انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ، صوبائی اسٹیک ہولڈرز اور نجی کمپنیوں سے مشاورت کی جائے گی۔ 

وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا کہ کسانوں میں رائس پلانٹرز کی منصفانہ تقسیم کے لیے صوبائی حکومتوں سے مشاورت کی جائے۔ 

انھوں نے مزید کہا کہ اسٹڈی میں کسانوں کی تربیت، مشینری کی دیکھ بھال اور تکنیکی معاونت کے لیے ٹیکنالوجی منتقلی پروگرام تجویز کیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید