• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی شوبز ستاروں کا طیارہ حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر کی طرح شوبز فنکاروں نے کراچی میں طیارہ حادثے اور ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔لاہور سے کراچی روانہ ہونے والا قومی ایئر لائن کا طیارہ پی کے 8303 اپنی منزلِ مقصود پر پہنچنے سے محض ایک منٹ قبل ہی لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متصل علاقے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوگیا۔حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 91 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے جوکہ اپنے گھروں میں عید منانے آرہے تھے۔ افسوس ناک واقعے پر جہاں پوری قوم رنج و غم کا شکار ہے وہی شوبز شخصیات نے بھی دکھ کی اس گھڑی میں جاں بحق فراد کے لیے افسوس کا اظہار کیا ہے۔اداکارہ حرا مانی نے انسٹا گرام پر شیئر کردہ تصویر میں جاں بحق افراد کے لیے دعا کی اور کہا کہ یہ ایک دل خراش واقعہ ہے جہاں لوگ اپنوں میں عید منانے کے لیے راستے میں تھے لیکن طیارہ حادثے کی نذر ہو گیا۔اداکار عمران عباس نے کہا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کو اللہ پاک جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔اداکار منیب بٹ نے کہا کہ حادثے میں جو لوگ معجزانہ طور پر بچ گئے اللہ تعالیٰ انہیں صحت یابی عطا فرمائے اور جو ہم میں نہیں رہے اُن کی مغفرت عطا فرمائے۔اداکارہ صبا قمر نے کہا کہ اپنے خاندانوں کو دیکھنے سے محض 60 سیکنڈ قبل ہی یہ حادثہ ہوگیا۔ اس وقت میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔اداکار ہمایوں سعید نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔

تازہ ترین