فرانس سے آنے والی ایئربس ماہرین کی ٹیم نے کام شروع کرنے کے بعد حادثے کے مقام کا دورہ کرکے شواہد کا جائزہ لیا، ملبے اور متاثرہ مکانوں کا معائنہ کیا، جبکہ ماہرین نے ایئرپورٹ کے متاثرہ رن وے کا جائزہ بھی لیا، ماہرین کنٹرول ٹاور اور ریڈار کنٹرول کا بھی دورہ کریں گے۔
طیارہ ساز کمپنی ایئربس کے ماہرین نے کام شروع کردیا ہے، ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ نے ایئربس کے ماہرین کو بریفنگ بھی دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کی جانب سے ایئربس کی گیارہ رکنی ٹیم کو تحقیقات کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئربس انڈسٹریز کے ماہرین اپنے کام کی تکمیل تک کراچی میں رہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے تحقیقات میں مدد کیلئے آنے والے ماہرین کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کررہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے متعلقہ افسران کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا، سی اے اے کے فائر ڈپارٹمنٹ اور پی آئی اے کے افسران نے ماہرین کے ٹیم کو بریفنگ بھی دی ہے۔
ایئربس کی ٹیم نے حادثے کے شکار طیارے کے ملبے کا معائنہ کیا۔ ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن کی ٹیم بھی ایئربس ٹیم کے ہمراہ موجودتھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے طیارے کے انجنوں، لینڈنگ گیئر، ونگز اور فلائٹ کنٹرول سسٹم کا جائزہ لیا، ٹیم نے طیارہ ٹکرانے سے ٹوٹنے والے گھروں کا بھی معائنہ کیا، جبکہ ٹیم نے طیارے کے ملبے اور متاثرہ عمارتوں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائیں۔