• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر اداکار و پروڈیوسر مدثر حسن قاسمی 56 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ٹیلیوژن کے معروف سینئر اداکار و پروڈیوسرمدثر حسن قاسمی 56برس کی عمر میں انتقال کرگئے مرحوم دوماہ سے علیل ہونے کے باعث پہلے فیصل آباد اور بعد ازاں لاہور کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ گزشتہ شب خالق حقیقی سے جاملے۔مدثر حسن قاسمی اداکاری کے ساتھ ساتھ شعبہ درس وتدریس سے بھی وابستہ تھے اس کے علاوہ انہیں سوشل ویلفیئر کے کاموں میں بھی خصوصی دلچسپی تھی۔ لندن میں پیدا ہونے والے مدثر حسن قاسمی نے فن اداکاری کا آغاز 1981ء میں سرکاری ٹی وی لاہور مرکز کی پروڈیوسر انیلہ شاہین کے ڈرامے سے کیا۔سرکاری ٹی وی کے ڈرامے ”پورے چاند کی رات“سے ان کو بے پناہ شہرت ملی اس ڈرامے میں انہوں نے رانا افضل کا کردار ادا کیا تھاجبکہ لیجنڈ پروڈیوسر ڈائریکٹر راشد ڈار کی بین الاقوامی شہرت کی حامل ڈرامہ سیریز ”اندھیرا اجالا“ نے مدثر حسن قاسمی کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ مرحوم کے نانا میجر (ر) افضل خان بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ملٹری سیکرٹری اور ان کے والد مولانا جعفر قاسمی کا شمار ملک کے چند نامور ادیبوں،کالم نگار اور دانشوروں میں کیا جاتا تھا۔یاد رہے کہ مولانا جعفر قاسمی نے کئی سال تک برطانوی نشریاتی ادارے کی لندن اردو سروس میں بھی خدمات انجام دی تھیں۔مرحوم نے لواحقین میں اہلیہ رفعت فاطمہ،محمد احمد مجید اور روشن بختاور سوگوار چھوڑے ہیں۔

تازہ ترین