• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب: پابندی سے ماسک پہننے پر عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ

پنجاب: پابندی سے ماسک پہننے پر عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ


پنجاب بھر میں لوگوں کے پابندی سے ماسک پہننے پر عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت نے عوام کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے لگژری کی بجائے اکانومی بیسڈ کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیرِ صدات کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں ایس او پیز کے مطابق مختلف ادارے کھولنے کے لیے وفاق کو سفارشات بھجنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں صوبے بھر میں منہ اور ناک ڈھانپنے کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ انتظامیہ، پولیس اور ٹریفک وارڈنز منہ اور ناک نہ ڈھانپنے والے افراد کو تنبیہ کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: ملک بھر میں شہریوں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی قرار

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پبلک سروس کمیشن کو ایس او پیز کے تحت ایک ہزار لیڈی ڈاکٹرز کے انٹرویوز کی اجازت بھی دی گئی، تاہم ان انٹرویوز کی اجازت کے فیصلے سے این سی او سی کو آگاہ کیاجائےگا۔

اسی طرح پارکس کھولنے کی تجویز، تجارتی اداروں کے نئے اوقات کار اور 2 دن تعطیل کے فیصلے بھی این سی او سی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ لاہور کے میو اور جناح اسپتالوں میں پلازما ڈونرز کی فہرستوں کی تیاری شروع کردی گئی، ایکسپرٹ پروٹوکول کے تحت نازک حالت میں کورونا مریضوں کا پلازما سے علاج کیا جاسکے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ وفاق سے 1500 وینٹی لیٹرز کی فراہمی کی درخواست کی جائے گی، ریسٹورنٹس اور کیفے وغیرہ کھولنے سے متعلق وفاق کی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔

علاوہ وزیں وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ملاقات کی اور راولپنڈی کے ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موق پر سردار عثمان بزدار نے بتایا کہ حکومت نے گندم خریداری میں کئی سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جبکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

شیخ رشید نے تجویزدی کہ جمعہ کی چھٹی ختم کرکے بازار اور مارکیٹیں کھولی جائیں، اس پر وزیراعلیٰ نےکہا کہ ان کی تجاویز پر اجلاس میں غور کیا جائے گا۔

تازہ ترین