مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے سردار عاطف مزاری کے مفرور قاتل بیٹے باسط مزاری کو گھوٹکی سے گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر فرخ علی کے مطابق سابق ایم پی اے کے قتل میں ملوث ملزم بیٹا عبدالباسط مزار ی کو محلہ محبوب شاہ سے گرفتار کیاگیا۔ ملزم روجھان میں اپنے والد کے قتل کے بعد خانپور کے علاقے چاچڑاں شریف میں روپوش تھا۔
پولیس کو اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی تو ملزم فرار ہوتے ہوئے پکڑا گیا، کارروائی میں راجن پور، رحیم یار خان اور گھوٹکی پولیس نے حصہ لیا۔
مسلم لیگ ن کے ایم پی اے عاطف مزار ی کو 27 مئی کو روجھان میں انکے گھر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ عاطف مزاری 2013ء میں حلقہ پی پی 297 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
مقتول کے دوسرے بیٹے نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ اسکے بھائی کا ذہنی توازن صحیح نہیں ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔