پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس ماسکو میں ہوا۔ اس موقع پر پاکستان اور روس کا 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک روس بین الحکومتی کمیشن اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت وزیر توانائی اویس لغاری اور روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور روس نے دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے کا جائزہ لیا، دونوں ممالک نے مستقبل میں تعاون کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی۔
پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 10واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔ پاکستان اور روس نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی اور زراعت میں تعاون بڑھانے کا جائزہ لیا۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے دوا سازی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور روس نے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا، پاکستان اور روس نے طے شدہ اقدامات پر موثر عملدرآمد اور ادارہ جاتی روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں دوطرفہ تعلقات کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور روس نے مستقبل میں بامقصد اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس2027 میں پاکستان میں ہوگا۔