وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہبازگل نے مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے چینی پر کوئی سبسڈی نہیں دی بلکہ گزشتہ 5 سالوں میں چینی پر 29 ارب کی سبسڈی دی گئی۔
شہباز گل نے کہا کہ 29 ارب میں سے ساڑھے 26 ارب کی سبسڈی گزشتہ حکومتوں نے دی۔
اُنہوں نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت نے چینی پر صرف 2 اعشاریہ 4 ارب کی سبسڈی دی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پانچ سال میں شریف اور اومنی گروپ نے اربوں روپے کی سبسڈی لی۔
شہباز گل نے کہا کہ عوام کی جیبوں پر کئی سال سے خاموش ڈاکا مارا جا رہا تھا، عمران خان نے سیاسی نفع نقصان کی پرواہ کیے بغیر انکوائری کرائی۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم کے ساتھ خاموشی سے کی جانے والی واردات پکڑ لی، چینی اسکینڈل پر اُچھل کود کرنے والوں کو معلوم ہے کہ کھرا ان کی طرف آگیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اعداد وشمار کو غلط ملط کرکے حقائق نہیں چھپائے جا سکتے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ چینی کے علاوہ بھی سابق حکمران ٹولے کے بڑے پول کھلنے والے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ چینی اسکینڈل میں ملوث ہر ذمہ دار کیخلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر مرتضی وہاب نے پریس کانفرنس کے دوران چینی بحران رپورٹ پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ گو کہ کورونا وائرس کی صورتحال خطرناک اور تشویشناک ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا تھاکہ بے بنیاد الزامات کا اگر جواب نہ دیا جائے تو ناقدین کہتے ہیں یہ کیوں خاموش ہیں، چینی اسکینڈل میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ پی پی قیادت اس میں ملوث ہے جبکہ چینی بحران پر براہ راست وزیراعظم عمران خان زمہ دار ہیں۔