بریڈ فورڈ (پ ر) مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کی مجلس عاملہ کاآن لائن اجلاس ہوا جس میں ورکنگ کمیٹی کے تمام اراکین شریک ہوئے ناظم اعلیٰ حافظ حبیب الرحمٰن حبیب نے اجلاس کی نظامت کی، تلاوت قرآن کے بعد اللہ کریم کی حمدو ثنا بیان ہوئی پاکستان میں علماء و شیوخ الحدیث کی وفات پر اظہار تعزیت کیا گیاجن میں شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید ہزاروی گوجرانوالہ، استاذ الحدیث حضرت مولانا عبدالرشید ہزاروی، سابق ناظم دارالحدیث اوکاڑہ آف ساہیوال اور استاذ القراء فضیلۃ الشیخ قاری محمد یحیٰی رسول نگری نمایاں ہیں، ان میں سے ہر ایک نے نصف صدی سے زیادہ دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت اور قرآن کریم کی تحفیظ و تجوید پھیلانے میں مسلسل کام کیا ۔ اراکین مجلس عاملہ نے اگلے ماہ مساجد کھولنے کے حکومتی اعلان کابھی خیر مقدم کیا اور اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اراکین مجلس عاملہ کاکہنا تھا کہ مساجد کھلنے کیلئے جو گائیڈ لائن محکمہ صحت نے جاری کی ہیں مرکزی جمعیت سے وابستہ تمام مساجد کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں کہ ان پر عملدرآمد سو فیصد یقینی بنایا جائے، اسی طرح شام کے شہر ادلب میں پانچویں خلیفہ راشد حضرت عمر بن عبدالعزیز اور انکی اہلیہ سیدہ فاطمہ بنت عبدالملک جیسی عظیم ہستیوں کی قبور مبارکہ کی اہانت کرنے کی مذمت کی گئی۔