اسلام آباد،لاہور،(نمائندگان‘ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کیخلاف کارروائی سیاسی انتقام پر مبنی ہے قوم واقف ہے ‘ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنمائوں کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، انشا اللہ عدلیہ اپنا کردارادا کرے گی‘بلاول بھٹوکے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے شہباز شریف کے گھر پر نیب کے چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کی کارروائیاں قابل مذمت ہیں‘دوسری جانب وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ چاہے اپنے ہوں یا پرائے نئے پاکستان میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں‘ شہباز شریف قانون سے بھاگنے کی بجائے قانون کا سامنا کریں‘(ن) لیگی رہنماؤں کو مشورہ ہے کہ قانون کے راستے میں رکاوٹیں ڈال کر شریک جرم نہ بنیںجبکہ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ کرپٹ ٹولے کا احتساب ہوگا۔ ماڈل ٹائون میں شہباز شریف کی رہائشگاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی نوٹنکی دو سال سے عوام کے سامنے ہے ،انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کان کھول کر سن لو اگر قائد حزب اختلاف کو گرفتار کیا گیا تو عوام چینی چور وزیر اعظم کو بنی گالہ سے گرفتار کریں گے ۔سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہاکہ اگر نیب آزاد ہے تو چینی آٹا اسکینڈل اور بی آرٹی جیسے گھپلوں پر کیوں خاموش ہے؟ ۔و زیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کرپٹ ٹولے کے احتساب کا عمل شروع ہو چکا، اب مکمل ہوئے بغیر نہیں رکے گا۔