• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب تک قوم وباء کو سنجیدہ نہیں لے گی وطن واپس نہیں آؤنگی، بشریٰ انصاری

’جب تک قوم وباء کو سنجیدہ نہیں لے گی وطن واپس نہیں آؤنگی‘


کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باوجود قوم کی جانب سے احتیاط نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس وقت بیرون ملک مقیم ہیں اور وہ تب تک ملک واپس نہیں آئیں گی جب تک قوم وبا کو سنجیدہ نہیں لیں گی۔بشریٰ انصاری کچھ عرصہ قبل ہی بیرون ملک چلی گئی تھیں اور پھر لاک ڈاؤن نافذ ہونے اور فضائی سروس بند ہونے کی وجہ سے وہ وہیں رہ گئی تھیں مگر اب ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں وہ کورونا سے متعلق پاکستانیوں کی غیر سنجیدگی پر بات کرتی دکھائی دیں۔بشریٰ انصاری نے مختصر ویڈیو میں کورونا وائرس کو سنجیدہ نہ لینے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانیوں نے وبا کو مذاق اور وہم سمجھ رکھا ہے۔معروف اداکارہ کا کہنا تھا کہ کورونا کے پیش نظر احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے ہی ملک میں اتنا بڑا مسئلہ ہوا اور وہ قوم کے رویے پر افسردہ ہیں اور وہ تب تک وطن واپس نہیں آئیں گی جب تک قوم کورونا کے مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیتی۔ویڈیو میں اداکارہ نے اپنے روایتی انداز میں کہا کہ وہ اس وقت وطن سے دور ہیں لیکن انہیں ہر وقت ملک کی یاد آتی ہے، دیار غیر میں کچھ بھی اچھا نہیں لیکن وہ مجبوری کی حالت میں وہاں موجود ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ انہیں کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان مت جاؤ، وہاں کوئی بھی وبا کو سنجیدہ نہیں لے رہا اور وہ بھی تب تک وطن واپس نہیں آئیں گی جب تک قوم کورونا کو سنجیدہ نہیں لیتی۔خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کو نرم کیے جانے کے بعد ملک میں کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور2جون کو ریکارڈ4ہزار تک نئے کیسز سامنے آئے تھے اور 40سے زائد اموات ہوئی تھیں۔

تازہ ترین