• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی پی ایل کے دوران کھلاڑی کالو کہہ کر پکارتے تھے، ڈیرن سیمی کا انکشاف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں مقبول ترین غیر ملکی کھلاڑی اور سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں نسل پرستانہ جملے سننے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے خود کو ’کالو‘ کہنے پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک پیغام میں ڈیرن سیمی نے بتایا کہ جب وہ آئی پی ایل میں حیدر آباد سن رائزرز کا حصہ تھے تو انہیں ’کالو‘ کہہ کر پکارا جاتا تھا۔

ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ساتھ سری لنکن آل راؤنڈر تھیسارا پریرا کو بھی ان ہی الفاظ سے پکارا جاتا تھا۔

پشاور زلمی کے سابق کپتان نے کہا کہ پہلے انہیں لگتا تھا کہ کالو کا مطلب طاقتور ہوتا ہے، تاہم بعد میں اس لفظ کے اصل معنی معلوم ہوئے۔

سال 2014 کے ایڈیشن میں ڈیرن سیمی نے آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کی تھی جہاں ان کی ٹیم پلے آف مرحلے میں پہنچے میں بھی ناکام رہی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو گزشتہ برس جنوبی افریقی کھلاڑی اینڈائل فیہلوکوایو کو اسی طرح کے الفاظ استعمال کرنے پر پابندی کا سامنا کرنا پڑگیا تھا۔

خیال رہے کہ ڈیرن سیمی نے یہ معاملہ ایسے وقت میں اٹھایا ہے جب امریکا میں سیاہ فام جارج فلائیڈ کی سفید فام امریکی پولیس اہلکار کے ہاتھوں قتل کے خلاف بلیک لائیوز میٹر (سیاہ فام لوگوں کی زندگی کی اہمیت ہے) مہم جاری ہے۔

اس مہم کی حمایت میں اور جارج فلائیڈ کے قتل کے خلاف ڈیرن سیمی بھی سوشل میڈیا پر اپنے پیغام کا اظہار کر چکے ہیں۔

تازہ ترین