• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدارس میں آن لائن داخلوں کا آغاز کردیا ہے، قاری عثمان

کراچی (پ ر) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء قاری محمد عثمان نے کہا کہ مدارس، اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں کی بندش سے طلباء کا نقصان ہورہا ہے۔ ایس او پیز کی رعایت کے ساتھ جب کاروبار اور مارکیٹیں کھل سکتی ہیں تو تعلیمی ادارے کیوں نہیں۔تعلیمی اداروں کیساتھ حکومتی رویہ افسوسناک ہے۔ کرونا وائرس کی آڑ میں عوام کا معاشی قتل عام بند کیا جائے۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ کرونا وائرس کی بنیاد پر ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو مکمل بند کرنا مسئلے کا حل نہیں۔ لاکھوں طلباء کا تعلیمی حرج ہورہا ہے جو کہ ملک و قوم کا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے حکومتی انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز نہ ہونے کی وجہ سے عوام رل رہے ہیں اور حکومتی سرگرمیاں بیانات کی حد تک ہی محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان سمیت تمام تعلیمی بورڈز کی تعلیمی سلسلے کی بندش کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ مدارس میں آن لائن داخلوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ جامعہ عثمانیہ شیرشاہ میں آن لائن داخلے جاری ہیں۔ قاری محمد عثمان نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنے والے تعلیمی اداروں کو تعلیمی سلسلہ شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔

تازہ ترین