• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کم نہ ہوسکی ،علامہ باقر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود مہنگائی کی شدت برقرار رہنے کو حکومتی نااہلی قرار دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاوس صوبائی کابینہ اجلاس میں کیا اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم رہنما مولانا دوست علی سعیدی ،مولانا علی انور جعفری،ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی حسین نقوی ،چوہدری اظہر حسین ،یعقوب الحسینی ،ارشد اللہ ،حیدر زیدی ،فدا سولنگی،شفقت لانگا ،فدا حسین ،اسد کر بلائی دیگر موجود تھے انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے کا اعلان ہوتے ہی تاجر طبقے کی جانب سے اشیائے خوردونوش کے نرخ بڑھا دیے جاتے ہیں تاہم قیمت میں کمی کے اعلان کے بعد بھی مہنگائی کا بدستور بڑھتے رہنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ بجلی اور عام اشیاء کی قیمتوں میں کمی نہ ہونا اس مافیا کی بالادستی کو ظاہر کرتا ہے جو خود کو ہر انتظامی طاقت سے بالا سمجھتا ہے۔بجلی اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نیپرہ اور پرائس کنٹرول اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔حکومت اداروں کی غفلت عوام کے لیے درد سر بنتی جا رہی ہے۔عوام کو ماضی کی طرح محض اعلانات سے خوش کرنے کا دور اب گزر چکا ہے۔اگر حکومت کی طرف سے عام آدمی کو ریلیف نہ ملا تو پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر حکومت کا اترانا بلاجواز ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کے بعد پمپوں سے پیٹرول غائب کر دیا گیاہے۔حکومت کو چاہیے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کا محاسبہ کرے۔ذمہ داران کے خلاف بھرپور کارروائی کر کے عوام کو خود ساختہ مسائل سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔
تازہ ترین