• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے، ٹی این ایف جے

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر انجینئر ہادی عسکری اور جنرل سیکرٹری طارق احمد جعفری نے کہا ہے کہ کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے جس کے امن کو خراب کرنے کی ہرگز کسی کو اجازت نہیں دیں گے ، سیاسی و مذہبی جماعتیں ، علماء کرام سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ، صوبے میں قیام امن کیلئے پاک فوج ، ایف سی ، پولیس اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر برادر اقوام کو آپس میں دست و گریبان کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جو کسی بھی صورت بلوچستان اور کوئٹہ کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے ہمیشہ صوبے اور خاص طور پر کوئٹہ میں امن و امان کے قیام ، بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ادا کرتی رہے گی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ دنوں رونما ہونے والے واقعات میں ملوث ملزمان کو فوری طورپر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور شہیداورزخمی ہونے والے افرادکے اہلخانہ کوا نصاف فراہم کیا جائے۔
تازہ ترین