• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

34 سالہ سوشانت سنگھ راجپوت نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی

34 سالہ سوشانت سنگھ راجپوت نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی 


ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )متعدد بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف 34 سالہ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی ہے ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی لاش ان کے ممبئی کے علاقے بیندرا میں واقع گھر میں پنکھے سے لٹکتی ہوئی پائی گئی ، اس وقت اداکار کے گھر پر ان کے کچھ دوست بھی موجود تھے ، سوشانت کے کمرے کادروازہ توڑ کر جب ان کے دوست داخل ہوئے تو ان کی لاش چھت سے لٹک رہی تھی ۔ابتدائی رپور ٹ میں پولیس نے بتایا ہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت گزشتہ چھ ماہ سے ذہنی تناؤ میں تھے تاہم ابھی تک خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے اور کوئی خط بھی نہیں ملا ہے ۔بھارتی میڈیا کاکہناہے کہ گزشتہ رات سوشانت سنگھ نے اپنے کچھ قریبی دوستوں کو گھر پر پارٹی کیلئے بلایا تھا تاہم ابھی تک ان کے دوستوں کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے ۔گھر کے ملازموں کا کہناہے کہ وہ رات کو کافی دیر سے سوئے تھے اوروہ بالکل بھی حیران نہیں ہوئے کیونکہ وہ اکثر دیر تک سوتے تھے ۔ان کا کہناتھا کہ جب وہ دوپہر تک نہیں اٹھے تو ہم نے کمرے کا دروازہ بجایا لیکن اندر سے کوئی جواب نہیں آیا جس پر ہم نے پھر سوشانت کے دوستوں کو ٹیلیفون کیا ۔ان کا کہناتھا کہ سوشانت کے دوستوں نے آ کر کمرے کا دروازہ توڑا تو ان کی لاش چھت سے لٹکتی ہوئی دکھائی دی ، پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیاہے اور ان کے جاننے والوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے ۔پولیس کو تاحال ان کی رہائش گاہ سے ان کی جانب سے لکھا جانے والا کوئی آخری خط نہیں ملا، تاہم پولیس کو ان کی رہائش گاہ سے ان کے علاج و معالجے کے دستاویزات ملے ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔اداکار کے قریبی دوستوں کے ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے ڈپریشن اور ذہنی دباؤ کا شکار تھے، تاہم ان کی پریشانی میں کورونا کے باعث لاک ڈاؤن ہونے کے باعث اضافہ ہوا۔اداکار کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت گزشتہ ہفتے اس وقت مایوسی کا شکار ہوگئے جب ان کی سابق مینیجر 28 سالہ ڈیشا سالین نے بھی گھر کی عمارت سے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔اداکار سوشانت سنگھ نے بولی وڈ میں ” کائی پو چی “ فلم سے ڈیبیو کیا تاہم اس کے بعد انہوں نے کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور وہ کافی پسند کیے جانے والے اداکار تھے ۔

تازہ ترین