• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے منفی اثرات، گھروں میں کام کرنے والی خواتین روزگار سے محروم، آنے سے روک دیا

سکھر (بیورو رپورٹ) کورونا وائرس کے منفی اثرات کا شاخسانہ، گھروں میں کام کاج کرنیوالی خواتین روزگار سے محروم، لوگوں نے کپڑے دھونے، برتن مانجھنے اور کھانا پکانے والی خواتین کو گھروں میں آنے سے روک دیا، متعدد افراد گھروں میں کام کرنیوالی خواتین کو ماہانہ رقم فراہم کررہے ہیں تاہم اکثریت کی جانب سے انہیں کوئی رقم فراہم نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ایسی خواتین جو کہ صاحب استطاعت افراد کے گھروں میں جاکر مختلف کام کاج کیا کرتی تھیں وہ بیروزگار ہوگئی ہیں اور انہیں اپنے گھر کا چولہا جلائے رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ کورونا وائرس کے منفی اثرات سے جہاں ایک جانب ملکی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں تو وہیں دوسری جانب زندگی کے تمام شعبہ جات وبا سے متاثر ہورہے ہیں، صاحب حیثیت افراد کے گھروں میں کام کاج کرکے اپنے اور بچوں کے لئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنیوالی خواتین بھی کورونا وائرس کے منفی اثرات کی زد میں آگئی ہیں۔ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ اور حالات کے پیش نظر لوگوں نے اپنے گھروں میں کام کاج کے لئے آنیوالی خواتین کو گھروں میں آنے سے روک دیا ہے۔ سروے کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں ہزاروں ایسی خواتین ہیں جوکہ لوگوں میں گھروں میں جاکر کپڑے دھونے، برتن مانجھنے، کھانا پکانے سمیت دیگر مختلف گھریلو کام کاج کیا کرتی تھیں مگر اب وہ بیروزگار ہوگئی ہیں اور ان کے روزگار کا کوئی وسیلہ نہیں ہے، متعدد افراد کی جانب سے گھروں میں کام کرنیوالی خواتین کو تسلسل کے ساتھ ماہانہ رقم فراہم کی جارہی ہیں مگر اکثریت نے رقم کی فراہمی بھی بند کردی ہے اور خواتین نان و شبینہ کی محتاج ہوگئی ہیں۔ بیشتر گھرانے ایسے ہیں جہاں پر کپڑے دھونے، برتن صاف کرنے اور کھانا پکانے کے لئے الگ الگ خواتین کو کام پر رکھا گیا تھا جبکہ بہت سے گھرانوں میں ایک ہی خاتون کے ذریعے سب کام کرائے جاتے تھے مگر اب یہ سلسلہ رک گیا ہے اور لوگ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے باعث خواتین کو گھروں میں آنے نہیں دے رہے ہیں۔ گھریلو کام کاج اور ماہانہ رقم سے محروم ہونیوالی بعض خواتین نے بتایا ہے کہ ہم لوگوں کے گھروں میں کام کاج کرکے عزت سے روزگار کررہی تھیں مگر اب لوگوں نے اپنے گھروں میں داخل ہونے سے روک دیا ہے، ایسے حالات میں ہمارے لئے اپنے گھروں کے چولہے جلائے رکھنا دوبھر ہوگیا ہے، انہوں نے اپیل کی کہ حکومت، انتظامیہ اور مخیر حضرات ہماری سفید پوشی و عزت نفس کا بھرم رکھتے ہوئے مالی معاونت کریں۔

تازہ ترین