• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، اموات میں مسلسل اضافہ، 133 جاں بحق، 5 ہزار سے زائد نئے کیسز، وبا خطرناک مرحلے میں داخل ہوگئی، عالمی ادارہ صحت

کورونا وائرس، اموات میں مسلسل اضافہ، 133 جاں بحق، 5 ہزار سے زائد نئے کیسز


کراچی،لاہور (اسٹاف رپورٹر، ٹی وی رپورٹ، جنگ نیوز) ملک میں کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے، جمعہ کو ملک میں قاتل وائرس سے مزید 133 افراد انتقال کر گئے جبکہ 5567 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 168756 تک پہنچ گئی ہے۔

ادھر عالمی ادارہ صحت نے خبردارکیاہے کہ وباءخطرناک مرحلے میں داخل ہوگئی ہے،جنرل ٹیڈروس ایدھانوم کا کہنا تھا کہ ʼ وائرس اب بھی تیزی سے پھیل رہا ہے جو اب بھی جان لیوا ہے، پنجاب میں کورونا وائرس کے ہاتھوں مزید 3؍ ڈاکٹر شہید ہوگئے۔

سندھ میں 22؍ روز کے دوران تشویشناک مریضوں کی تعداد میں 22؍ فیصد اضافہ ہوگیا، جبکہ کراچی کی انتظامیہ 43؍ یوسیز میں جاری اسمارٹ لاک ڈائون پر عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آئی۔ 

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 5567 کیسز اور 133 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں پنجاب سے 1540 کیسز اور 63 ہلاکتیں،سندھ سے 2894 کیسز اور 49 اموات، خیبر پختونخوا سے 608 کیسز اور 16 موات، اسلام آباد304 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان سے 164 کیسز اور ایک ہلاکت، گلگت بلتستان سے 28 کیسز اور 3 اموات جبکہ آزاد کشمیر سے 29 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 1011106؍ افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ 61383؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 

پنجاب سےجمعہ کورونا کے مزید 1540 کیسز اور 63 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 61678 اور اموت 1265 تک جا پہنچی ہیں۔ 

پنجاب میں اب تک کورونا سے 17892 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔سندھ سے جمعے کو 2894 کیسز اور 49 اموات رپورٹ ہوئیں۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 65163 اور اموات 1013 ہوگئی ہیں۔ 

صوبے میں اب تک 32725 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ جمعے کو خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 16 افراد جان کی بازی ہارگئے جسکے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 789 تک جاپہنچی ہے۔ 

محکمہ صحت نے بتایا کہ مزید 608 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جسکے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 20790 ہوگئی ہے۔ صوبے میں اب تک 5623 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ 

بلوچستان میں بھی جمعے کے روز مزید 164 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید ایک شخص جاں بحق ہوا۔

تازہ ترین