پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہروز سبزواری اور اُن کی سابقہ اہلیہ سائرہ یوسف نے اپنے الگ الگ انسٹاگرام اکاؤنٹس پر بیٹی نورے کے ساتھ تصویر اور ویڈیو شیئر کی ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان سمیت دُنیا بھر میں فادرز ڈے یعنی والد سے محبت کے اظہار کا دن منایا گیا تھا اور اس دن کی مناسبت سے شوبز فنکاروں نے اپنے والد اور بچوں کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔
شہروز سبزواری نے بھی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی بیٹی نورے شہروز اور والد بہروز سبزواری کے ہمراہ ایک خصوصی ویڈیو پوسٹ کی ہے۔
شہروز سبزواری کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں اُن کی بیٹی نورے اپنے والد کو اپنے کھلونے کے بارے میں کچھ بتا رہی ہیں اور میز پر فادرز ڈے کے لیے تیار کیا گیا خصوصی کیک رکھا ہوا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نورے شہروز اپنے والد کو فادرز ڈے کی مبارکباد دیتی ہیں اور پھر وہ اپنے دادا بہروز سبزواری اور والد کے ساتھ فادرز ڈے کا خصوصی کیک کاٹتی ہیں۔
شہروز سبزواری نے اپنی اس پوسٹ کے کیپشن میں سب کو فادرز ڈے کی مبارکباد بھی پیش کی۔
دوسری جانب سابق شوہر شہروز سبزواری سے طلاق کے بعد سائرہ یوسف نے اپنی بیٹی نورے شہروز کے ساتھ پہلی تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کردی ہے۔
انسٹاگرام پر پوسٹ کی جانے والی تصویر فادرز ڈے کی مناسبت سے کی گئی ہے اور ماضی کی اس یادگار تصویر میں سائرہ یوسف کے ہمراہ اُن کی بیٹی نورے اور والد موجود ہیں۔
تصویر پوسٹ کرتے ہوئے سائرہ یوسف نے اپنے والد کے لیے ایک مشہور قول لکھا:
باپ ایک ایسا عام آدمی ہوتا ہے جو اپنے بچوں کے لیے ہیرو، گلوکار اور کہانی سُنانے والا بن جاتا ہے
سائرہ یوسف کی اس پوسٹ کو اُن کے چاہنے والوں کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ ماڈل صدف کنول سے دوسری شادی کے بعد شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کی اپنی بیٹی نورے کے ساتھ پہلی ویڈیو اور تصویر منظر عام پر آئی ہے۔
سائرہ یوسف اداکار شہروز سبزواری کی سابق اہلیہ ہیں، رواں سال مارچ کے مہینے میں مقبول اداکار جوڑی شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے شادی کے 8 برس بعد ایک دوسرے سے راہیں جدا کرلیں تھیں۔
سائرہ اور شہروز کی 6 سالہ ایک بیٹی ’نورے‘ ہے۔ دونوں نے طلاق کی وجہ کو خفیہ رکھا ہے اور نا ہی یہ بتایا گیا ہے کہ ان کے درمیان کب طلاق ہوئی۔
طلاق کی تصدیق کے 2 ماہ بعد شہروز سبزواری نے تصدیق کی کہ انہوں نے ماڈل صدف کنول سے نکاح کرلیا ہے۔ ماڈل صدف کنول نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے نکاح کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ ان کی جوڑی اب مکمل ہو چکی ہے۔