• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلاق کی وجہ صدف نہیں، شہروز سبزواری کی وضاحت


معروف اداکار شہروز سبزواری اور ماڈل صدف کنول کی شادی کی خبر کے ہر طرف چرچے تھے، جوڑے کو سوشل میڈیا پر تنقیدی پیغامات کا سامنا تھا اور صارفین شہروز اور سابقہ اہلیہ سائرہ یوسف میں طلاق کی وجہ بھی صدف کو ٹھہرا رہے تھے۔

اب شہروز سبزواری نے تنقید کرنے والوں کو ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدف کنول ان کی اور سائرہ یوسف کے درمیان ہونے والی طلاق کی وجہ نہیں تھیں۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پرجاری 04 منٹ اور 33 سیکنڈ کے اپنے ویڈیو پیغام میں اداکار نے اس بات کی وضاحت کی کہ وہ اور سائرہ اگست 2019 میں الگ ہوگئے تھےاور علیحدگی کی وجہ صدف یا کوئی اور خاتون نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس ویڈیو پیغام کا مقصد صرف یہ ہے کہ میں خود کا اور اپنے خاندان کا دفاع کروں جس کا میں حق رکھتا ہوں، میرے خاندان اور میرے بارے میں جو کچھ کہا جارہا ہے میں اس کا دفاع کروں گا کیونکہ میں ایک سچا آدمی ہوں ۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کہا جارہا تھا کہ شہروز نے سائرہ کو دھوکا دیا ہے۔

اداکار نے تنقید کرنے والوں کو چیلنج کیا کہ سائرہ کے ساتھ اس کی علیحدگی کی وجہ دھوکہ تھا تو میرے سامنے بیٹھیں اور دلیل سے ثابت کرکے دکھائیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ سائرہ سے علیحدگی کے تین یا چار ماہ بعد صدف سے کام پر ملے تھے ۔

انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور سائرہ ایک ذاتی معاملے پر الگ ہوگئے تھے جس کو حل کرنے کی انہوں نے بہت کوشش کی، شہروز نے یہ بھی کہا کہ وہ سائرہ کو طلاق نہیں دینا چاہتے تھے تاہم وہ دونوں اختلافات کو حل نہیں کرسکے اور مل کر طلاق کا فیصلہ کیا۔

اداکار نے بتایا کہ اس ویڈیو کو بنانے کی ایک اور وجہ ان کی بیٹی بھی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو وہ اپنی بیٹی کے لئے بنارہے ہیں کیونکہ وہ ایک بہت ہی خوبصورت بیٹی کے باپ ہیں جس سے انہیں بہت پیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کچھ عرصے بعد اُن کی بیٹی نے تمام سوشل میڈیا پر کئے جانے والے رد عمل پر سوال اٹھایا کہ بابا یہ کیا ہے ؟ تو جواب  میں اپنی بیٹی کو یہ ویڈیو دکھاؤں گا۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے مہینے میں مقبول اداکار جوڑی شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے شادی کے 8 برس بعد ایک دوسرے سے راہیں جدا کرلیں۔

2012 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے سائرہ اور شہروز کی 6 سالہ ایک بیٹی ’نورے‘ ہے۔

دونوں نے طلاق کی وجہ کو خفیہ رکھا ہے اور نا ہی یہ بتایا گیا ہے کہ ان کے درمیان کب طلاق ہوئی۔

طلاق کی تصدیق کے 2 ماہ بعد شہروز سبزواری نے تصدیق کی کہ انہوں نے ماڈل صدف کنول سے نکاح کرلیا ہے۔

ماڈل صدف کنول نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاونٹ سے نکاح کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ ان کی جوڑی اب مکمل ہو چکی ہے۔

سادگی سے منعقد کی گئی نکاح کی تقریب میں صدف کنول نے اپنی ساس کا جوڑا زیب تن کیا۔

تازہ ترین