معروف اداکار شہروز سبزواری اور اداکارہ سائرہ شہروز نے ’ذاتی اختلافات‘ کی وجہ سے اپنی شادی ختم ہونے کا باضابطہ اعلان سوشل میڈیا پر کر دیا۔
گزشتہ روز پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ سائرہ شہروز نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی اور شہروز سبزواری کی شادی ختم ہونے کے حوالے سے ایک پوسٹ کی۔
سائرہ شہروز نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’آج کچھ ناقابل برداشت ذاتی اختلافات کی وجہ سے میں نے اور شہروز نے شادی کا بندھن توڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’اِس مشکل فیصلے میں ہماری واحد اُمید صرف ہماری بیٹی ہے اور وہ یہ ہے کہ اِس فیصلے سے ہم اپنی بیٹی کے لیے بہترین والدین بن سکتے ہیں اور اُسے وہ پیار دے سکیں گے جس کی وہ حقدار ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’ہم میڈیا اور عوام دونوں سے دراخوست کرتے ہیں کہ اِس مشکل وقت میں ہماری ذاتی زندگی میں مداخلت نہ کریں۔‘
دوسری جانب سائرہ کے سابق شوہر اور اداکار شہروز سبزواری نے بھی انسٹاگرام پر اپنی اور سائرہ کی شادی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک پوسٹ کی۔
شہروز سبزواری نے لکھا کہ ’آج کچھ اختلافات کی وجہ سے میں اور سائرہ ہماری شادی ختم کر رہے ہیں، ہم کوشش کریں گے اپنی بیٹی کے لیے بہترین والدین بن سکیں اور ہماری بیٹی ہم دونوں کا احترام کرے اور ہم سے محبت کرے۔‘
اداکار نے بھی میڈیا اور عوام سے اُن کی ذاتی زندگی کا احترام کرنے کی درخواست کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ سائرہ اور شہروز سبزواری کے طلاق ہوگئی ہے جس کے بعد سائرہ کے سُسر اور شہروز کے والد بہروز سبزواری نے جنگ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ شہروز اور سائرہ کی طلاق نہیں ہوئی ہے بلکہ سائرہ کے والد کی طبیعت ٹھیک نہیں، اس لیے وہ اپنے والد کے گھر رہ رہی ہے۔
بہروز سبزواری کے اِس بیان کے بعد اُن کے بیٹے شہروز سبزواری نے سوشل میڈیا پراپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ سائرہ اور ان کے درمیان طلاق نہیں ہوئی ہے اور وہ دونوں افہام و تفہیم کے ساتھ گزشتہ 6 ماہ سے علیحدہ رہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سائرہ اور شہروز سبزواری کی شادی 2012ء میں ہوئی تھی اور 2014ء میں اُن کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔