• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاخر کا نیا گانا ’ڈبل چِن‘ ریلیز ہوتے ہی مقبول


بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار فاخر محمود نے عالمگیر وبا کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے باعث لگے لاک ڈاؤن میں بنایا گیا اپنا نیا گانا جاری کردیا۔

فاخر کے نئے گانے ’ڈبل چِن‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی ہے۔ گانے کی ویڈیو میں فاخر کے بچوں سمیت پاکستان کے مشہور و معروف نام بھی نظر آرہے ہیں۔

قرنطینہ کے دوران گھروں میں بیٹھ کر اپنا وزن بڑھا کر موٹے ہونے والے افراد کیلئے گلوکار فاخر نے اپنا نیا گانا ترتیب دیا ہے۔ ’ڈبل چن‘ ہر اس شخص کی آواز بن رہا ہے جو سمجھتا ہے کہ اس نے لاک ڈاؤن کے دوران خوش خوراکی کر کے اپنا وزن بڑھا لیا ہے۔


مزاحیہ لیرکس پر زبردست ویڈیو بنانے کا کریڈٹ بھی فاخر کو ہی جاتا ہے جنہوں نے قرنطینیہ میں ہی مختلف شوبز ستاروں کو اپنے گانے کی ویڈیو میں شامل کر کے مداحوں کے لیے ایک زبردست گانا تیار کیا ہے۔

ویڈیو کے آغاز فاخر نے ویڈیو میں حصہ لینے والے افراد اور ویڈیو کو دیکھ کر محظوظ ہونے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

’ڈبل‘ چن کی دو منٹ اور دو سیکنڈ پر مبنی ویڈیو میں معروف اینکر پرسن حامد میر، عدنان صدیقی، فیصل قریشی، فخر عالم، نادیہ حسین، عائشہ عمر، ابرار الحق، شعیب ملک، ماریہ واسطی، جاوید شیخ بشریٰ انصاری سمیت دیگر نے اپنی ’ڈبل چِن‘ کا دُکھڑا سنایا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو شئیر کرتے ہوئے فاخر نے بتایا کہ ’ڈبل چِن‘ کوویڈ   19 کے باعث لاک ڈاؤن سے براہ راست متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔ گانے کی کمپوزیشن اور بول فاخر کے ہیں جبکہ ڈائریکشن ندیم جے نے دی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گانے کی ریکارڈنگ سائمن اور نائل کے والد کے ہوم اسٹوڈیو میں کی گئی ہے اور یہ ان دونوں کی پہلی سنجیدہ کاوش ہے۔

تازہ ترین