• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنم ماروی کا گھریلو تنازعات کے بعد گلوکاری چھوڑنے کا اعلان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) گلوکارہ صنم ماروی نے گھریلو تنازعات کے بعد گلوکاری چھوڑنے کا اعلان کردیا۔صنم ماروی کی جانب سے گلوکاری کو خیرباد کہنے کا اعلان اس وقت کیا گیا جب ان کی سوتیلی بہن گلوکارہ ریشماں پروین نے ان پر شدید الزامات لگاتے ہوئے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔ریشماں پروین نے 22 جون کو سندھی زبان میں ایک مختصر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی بہن صنم ماروی نے نجی گارڈز کے ساتھ ان کے گھر میں گھس کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

تقریبا 2 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں ریشماں پروین نے دعویٰ کیا کہ صنم ماروی نے ان کے گھر میں گھس کر اس لیے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور قتل کی دھمکیاں دیں، کیوں کہ وہ ان کی تیسری شادی سے متعلق باتیں جانتی ہیں۔ریشماں پروین نے دعویٰ کیا کہ صنم ماروی نے حامد خان سے فروری میں خلع کے بعد خبیب نواز نامی لڑکے سے شادی کرلی ہے۔

ریشماں پروین نے بتایا کہ صنم ماروی کی تیسری شادی اور ان کی دوسری شادی کے خاتمے پر باتیں کرنے کی وجہ سے ہی بہن نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں قتل کی دھمکیاں دیں۔ریشماں پروین نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ بہن کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دیے جانے کے بعد انہوں نے لاہور کے پولیس تھانے میں شکایت بھی درج کروادی۔

گلوکارہ کا کہنا تھاکہ وہ تین ماہ قبل ہی سندھ سے پنجاب کے دارالحکومت لاہور منتقل ہوئی ہیں اور صنم ماروی انہیں دھمکیاں دے رہی ہیں کہ وہ لاہور میں زندہ رہ کر دکھائیں۔

سوتیلی بہن ریشماں پروین کی ویڈیو کے بعد صنم ماروی نے سندھی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے واضح طور پر بہن ریشماں پروین سے تنازع کا ذکر بھی نہیں کیا اور اپنے خاندانی جھگڑے کو مداحوں کے تنازع سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ان کے گلوکاری چھوڑنے کی ایک وجہ سندھی مداحوں کی جانب سے ان کی کردارکشی کرنا بھی شامل ہے۔

تازہ ترین