پاکستان ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمیمہ ملک نے اپنے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ براہ مہربانی دماغی صحت کو سنجیدگی سے لیں۔
بھارتی اداکار سوشانت کی خودکشی کے ہولناک واقعے کے بعد سے سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں شوبز ستارے ذہنی صحت کے بارے میں بات کر رہے ہیں، ایسے میں معروف اداکارہ حمیمہ ملک کا بھی اسی حوالے سے ایک پیغام سامنے آیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے حمیمہ ملک نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ ’براہ مہربانی ذہنی صحت کو سنجیدگی سے لیں اور اُن لوگوں کی مدد کریں جنہیں آپ کے ساتھ کی ضرورت ہے۔‘
حمیمہ ملک نے لکھا کہ ’اگر آپ کے اردگرد کوئی ایسا شخص موجود ہے جو ذہنی دباؤ کا شکار ہونے کی وجہ سے اچھا محسوس نہیں کر رہا ہے تو آپ اُس کے پاس جائیں، اُس سے باتیں کریں اور اُسے اس پریشانی سے نکلنے میں مدد کریں۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’جس طرح کسی بات پر ہمارے دل کو چوٹ لگتی ہے اور ہمارا دل ٹوٹ جاتا ہے بالکل اسی طرح ہمارا دماغ بھی کسی وجہ سے پریشان ہوسکتا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ پریشانی ہمارے لیے بہت بڑا نقصان بن سکتی ہے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل زارا نور عباس نے بھی اپنی ذہنی صحت کے بارے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ اُنہیں لاک ڈاؤن کے دوران کلینیکل ڈپریشن کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ڈاکٹروں نے اُنہیں اس کا علاج کروانے کی ہدایت بھی کی تھی۔