میٹا نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے لیس اسمارٹ چشموں میں فیشل ریکگنیشن فیچر متعارف کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔
انہیں پہننے والے شخص کے سامنے ہر اُس شخص کا مکمل پروفائل آجائے گا، جو اس کے سامنے آئے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق میٹا، ممکنہ طور پر اسی سال اپنے میٹا گلاسز میں فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی شامل کرنے پر غور کر رہا ہے۔ یہ ٹول ابھی تیاری کے مراحل میں ہے اور اس میں ممکنہ طور پر ٹیگنگ ہوسکے گی، جس کے ذریعے ہر اس چہرے کی شناخت ہوسکے گی جو کسی بھی میٹا پلیٹ فارم سے منسلک ہو یا اس کا عوامی پروفائل فیس بک یا انسٹاگرام پر موجود ہو۔
ڈومیسٹک وائلنس اور انسداد ہراسانی پر کام کرنے والے اداروں کا ان اسمارٹ گلاسز سے متعلق کہنا ہے کہ فیشل ریکگنیشن والے اسمارٹ چشموں کے استعمال سے خواتین اور لڑکیوں کو ہراسانی اور بدسلوکی کے خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ اس سے بدسلوکی کرنے والوں کو انہیں تلاش کرنے اور ان کا پیچھا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
بدسلوکی کے عادی افراد اس کے ذریعے بغیر رضامندی کسی کی شناخت سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
میٹا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمپنی اس فیچر سے متعلق ابھی مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے اور کسی بھی اقدام سے پہلے محتاط اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کرے گی۔