• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرح اسمارٹ حکومت،کہیں ہے، کہیں نہیں،سراج الحق

لاہور( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اس وقت سمارٹ لاک ڈاؤن کی طرح ملک میں سمارٹ حکومت ہے ۔ ملک کے کسی علاقے میں حکومت ہے اور کہیں حکومت نہیں ہے۔ کسی کچھ معلوم نہیں کہ حکومت کون چلاتاہے ۔ پالیسیاں کہاں بنتی ہیں اور ان پر عملدرآمد کون کرواتاہے ۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر یوٹرن لیتے ہوئے کہاہے کہ میں نے آج تک کوئی یوٹرن نہیں لیا. پاکستان اس وقت بہت ہی مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر سراج الحق نے بانی جماعت اسلامی ، مفکر قرآن مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ کے جانشین اور سابق امیر جماعت اسلامی میاں طفیل محمد کے یوم وفات پر ان کی یاد میں منصورہ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، مختلف شعبہ ہائے زندگی کی معروف شخصیات نے میاں طفیل محمد کی دینی و قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ میاں طفیل محمد نے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور حقیقی جمہوریت کے احیا کے لیے مثالی جدوجہد کی ۔ سیمینار سے سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، حافظ محمد ادریس اوردیگر نے خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ دو ہفتے کے لیے خود کو آئسولیٹ کرتے ہوئے قرنطینہ میں چلی جائے اور وزیراعظم اپنے سابقہ وعدوں ، اعلانات اور منشور کو یاد کریں ، ہوسکتاہے ان کو کچھ یاد آجائے کہ انہوں نے قوم کے ساتھ کیا وعدے کیے تھے اور اب وہ کیا کر رہے ہیں ۔

تازہ ترین