• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نماز ڈپریشن کو ختم کردیتی ہے، سنبل اقبال

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سنبل اقبال نے ڈپریشن کا علاج بتاتے ہوئے کہا ہے کہ نماز ڈپریشن کو ختم کر دیتی ہے۔

ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے بعد سے ہر ایک شخص ذہنی صحت کے حوالے سے بات کرتا نظر آرہا ہے ایسے میں معروف اداکارہ سنبل اقبال نے بھی اس مسئلے پر اپنےخیالات کا اظہار کیا ہے۔

سنبل اقبال نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری میں قرآن پاک کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’اسلام لوگوں کو اُمید دلانے کی ترغیب دیتا ہے پھر چاہے اُس شخص نے کتنا ہی بڑا گناہ کیوں نہ کیا ہو یا وہ کتنی ہی بڑی تکلیف سے کیوں نہ گزرا ہو۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’یہ اس وجہ سے ہے کیونکہ اللّہ تعالیٰ کی اپنے بندوں پر رحمت ہمیشہ قائم رہتی ہے اور اگر کبھی کبھی ہم یہ بھی سوچتے ہیں کہ ہم اکیلے ہیں اور ہمارے ساتھ کوئی نہیں ہے جو ہماری مدد کرے گا تو یہ بات یاد رکھیں کہ اللّہ تعالیٰ ہمیشہ ہمارے ساتھ موجود ہوتا ہے وہ کبھی اپنے بندوں کو اکیلا نہیں چھوڑتا ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’نماز قائم کریں کیونکہ نماز ڈپریشن، احساس کمتری اور افسردگی جیسے مسائل سے نجات دلاتی ہے اور اللّہ سے دُعا کریں۔‘

سنبل اقبال نے لکھا کہ ’میں نے بہت سے لوگوں کو دیکھا ہے کہ ذہنی سکون کے لیے ادویات لیتے ہیں، ڈاکٹر سے رجوع کرتے ہیں لیکن یہاں میں آپ کو بتانا چاہوں کہ ہمارے مذہب میں ہی اس مسئلے کا علاج ہے بس ذرا غوروفکر کی ضرورت ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ ذہنی صحت کو سنجیدگی سے لیا جائے اور اپنے آس پاس کے لوگوں کی مدد کی جائے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ذہنی مسائل بظاہر تو نظر نہیں آتے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کو ڈپریشن نہیں ہے بس ہمیں محسوس کرنے کی ضرورت ہے۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل زارا نور عباس نے بھی اپنی ذہنی صحت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ اُنہیں لاک ڈاؤن کے دوران کلینیکل ڈپریشن کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ڈاکٹروں نے اُنہیں اس کا علاج کروانے کی ہدایت بھی کی تھی۔

دوسری جانب پاکستان ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمیمہ ملک نےبھی اپنے ایک ٹوئٹ میں مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ براہ مہربانی دماغی صحت کو سنجیدگی سے لیں۔

تازہ ترین