پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری اور اختر مینگل کے درمیان بجٹ کے معاملے میں مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا جبکہ بلاول بھٹو اور اختر مینگل کے درمیان 18ویں آئینی ترمیم پر حملوں کا معاملہ بھی زیربحث لایا گیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور اختر مینگل نے این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو کی۔
بلاول بھٹو اور اختر مینگل نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہارکیا، اس کے علاوہ اُن کے درمیان اگلے ہفتے اے پی سی بلانے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ عوام دشمن ہے، ہم اسے کسی صورت نہیں مان سکتے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آج پاکستان میں ہر جگہ کورونا پھیل چکا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرکے عمران خان دستورِ پاکستان پر حملے کررہے ہیں، وزیراعظم کو اپنی نااہلی کا عوام کو حساب دینا ہوگا۔