لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے پٹرول بم گرا کر ثابت کیا کہ وہ عوام کو کچھ نہیں سمجھتی۔
شہباز شریف نے کہاہے کہ عوام کی منتخب کردہ حقیقی قیادت مفاد عامہ میں فیصلے کرتی ہے جبکہ پیراشوٹ سے اقتدار میں آنے والے عوام کے بجائے مافیاز کے مفادات پورے کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے پٹرول بم گرا کر ثابت کیا کہ وہ عوام کو کچھ نہیں سمجھتی۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کی ہے۔ انھوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب عوام کو مزید ریلیف کی ضرورت تھی، پیٹرول مہنگا کرنا غریب دشمنی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کرنے والے ماضی میں معمولی اضافوں پر تنقید کرتے رہے ہیں، عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال کر عمران خان اپنی نااہلی کی وجہ سے ڈوبتی معیشت کو سہارا نہیں دے سکتے۔
پیٹرول سستا کروا کر ذخیرہ کروایا اور پھر مہنگا کرکے عمران خان نے مافیا کو فائدہ پہنچایا، سلیکٹڈ وزیراعظم کو عام آدمی کی کوئی فکر نہیں، جب پیٹرول سستا کیا تو قلت پیدا کی گئی اور کم قیمتوں کے ثمرات بھی عوام تک نہ پہنچ سکے،پیٹرول سستا ہونے سے کچھ سستا نہیں ہوا تھا مگر مہنگا ہونے سے مزید مہنگائی ضرور ہوگی، یہی نیا پاکستان ہے۔