اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کو فون کر کے اگلے ہفتے اے پی سی کے حوالے سے مشاورت کی اور بجٹ کے معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پراتفاق کیا، دونوں رہنمائوں کے مابین 18 ویں آئینی ترمیم پر حملوں کا معاملہ بھی زیربحث آیا، انہوں نے این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو کی،یئرمین پیپلزپارٹی نے ملک حمایت اللہ کے قتل کی مذمت بھی کی دونوںرہنماووں نے کورونا کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا، اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ عوام دشمن ہے، ہم کسی صورت نہیں مان سکتے، حکومت کی نااہلی کی وجہ سے کوروناہر جگہ پھیل چکا ہے، 18ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرکے عمران خان دستورِ پاکستان پر حملے کررہے ہیں۔دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن خیبرپختونخوا کے سابق صوبائی صدر ملک حمایت اللہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کے پی پولیس اور انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف میں کٹہرے میں لائے۔