وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ ہمارے جوانوں پر حملے میں بھارت کا ہاتھ تھا، بھارت پاکستان میں امن نہیں دیکھ سکتا۔
اپنے ایک بیان میں وزیرخارجہ نے کہا کہ آج کے دہشتگردی کے حملے کی بھرپور مذمت کرتا ہوں اور حملے کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ رینجرز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیرستان حملے کے بعد بیان دیا کہ بھارت نے سلیپر سیل متحرک کئے، آج کے حملے کے تانے بانے اٹھا کر دیکھیں توانہی سلیپر سیل سے ملیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک طرف ہم کرتارپور راہداری کھول رہے ہیں، دوسری طرف بھارت سے امن برداشت نہیں ہورہا، بھارت دنیا کے سامنے بےنقاب ہو رہا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کے ساتھ لداخ کے معاملے پر بھارت بے نقاب ہوا، کشمیر میں بھارت کے مظالم دنیا کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کررہی ہے، ہماری ایجنسیز مکمل الرٹ ہیں اور ہم بھارت کے تمام حربوں کو ناکام بنائیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم بھارت کو دنیا کے سامنے مزید بےنقاب کریں گے۔