• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: انگلش میڈیم اسکول میں طالبات سے ہراسگی


لاہور کے علاقے گلبرگ کے ایک انگلش میڈیم اسکول میں طالبات سے ہراسگی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت کے ایک معروف انگلش میڈیم اسکول کی طالبات کو کئی سال تک جنسی طور پر ہراساں کیا جاتا رہا، تنگ آ کر طالبات اور فارغ التحصیل طلبا نے ہمت کی اور اسکول انتظامیہ کو آگاہ کر دیا۔

اسکول انتظامیہ نے ٹیچر سمیت چار افراد کو ملازمت سے نکال دیا تاہم پولیس کو معاملے سے آگاہ نہ کیا۔

لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ گلبرگ کے معروف انگلش میڈیم اسکول کی طالبات نے اسکول کے چار ملازمین کے خلاف جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کر دیا۔

طالبات کے مطابق چاروں افراد کئی سال سے طالبات کو ہراساں کر رہے تھے، اسکول انتظامیہ کو کئی مرتبہ آگاہ کیا لیکن کوئی کارروائی نہ کی گئی جبکہ بعض طالبات نے تنگ آ کر اسکول ہی چھوڑ دیا۔

بالآخر درجنوں طالبات نے اس معاملے سے نمٹنے کا فیصلہ کیا اور مل کر شکایت اسکول انتظامیہ کو درج کرائی اور چاروں اسکول ملازمین کی جانب سے بھیجے جانے والے غیراخلاقی پیغامات، ویڈیوز اور تصاویر بھی ثبوت کے طور پر پیش کیں۔

طالبات نے الزام عائد کیا کہ ٹیچر کلاس کے دوران طالبات کو گھورتا اور پرائیوٹ اعضا کو چھونے کی کوشش کرتا تھا، اکاؤنٹنٹ رات اکٹھے گزارنے کا کہتا اور انکار پر دھمکی بھی دیتا رہا۔

طالبات کے مطابق انہوں نے اپنی ایک خاتون ٹیچر کو آگاہ کیا لیکن انہوں نے بھی ساتھ نہ دیا اور خاموش رہنے پر زور دیا۔

اسکول انتظامیہ نے طالبات کی شکایت کے بعد انکوائری کی اور ملوث افراد کو ملازمت سے نکال دیا۔

تاہم اسکول انتظامیہ نے پولیس سے اس معاملے کو چھپایا اور انہیں اطلاع نہیں دی۔

ڈسٹرکٹ یجوکیشن اتھارٹی نے طالبات کو جنسی ہراساں کیے جانے کا نوٹس لے لیا اور انکوائری کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی، تحقیقاتی کمیٹی تین روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ اس جرم کامعاملہ ناقابل دست اندازی کے زمرے میں آتاہے، جرم بڑا ہے لیکن شکایت کنندہ کو ثبوت کے ساتھ پولیس کو درخواست دینی ہو گی، پولیس ازخود نوٹس نہیں لے سکتی۔

تازہ ترین