پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف کوئٹہ میں احتجاج ہوا جس میں شریک نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری صحافت کا گلا گھونٹنے کی کوشش ہے۔
کوئٹہ میں ایڈیٹر انچیف جنگ اور جیو میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کوئٹہ کی جنگ بلڈنگ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں روزنامہ جنگ اور جیو نیوز سے منسلک صحافیوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی (این پی) کے سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر اسحٰق بلوچ اور سابق صوبائی وزیر رحمت صالح بلوچ پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ مظاہرے میں شریک ہوئے۔
مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر اسحٰق بلوچ اور رحمت صالح بلوچ کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری صحافت کا گلہ گھونٹنے کی کوشش ہے۔
مظاہرے کے شرکاء سے خطاب میں جنگ ایمپلائز یونین کے صدر حماد اللّٰہ رند اور دیگر مقررین نے ایڈیٹر انچیف جنگ جیو میرشکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔