• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک بزنس کونسل کی تنظیم نو، رزاق داود چیئرمین، عاصم باجوہ نئے رکن

اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے صنعتی عمل میں اضافے کے لئے سی پیک بزنس کونسل کی تشکیل نو کی ہے۔وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد چیئرمین جبکہ وزیر مملکت /چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف آر


بخاری اور سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ سمیت کونسل 12 اراکین پر مشتمل ہو گی۔ سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین بی او آئی عاطف آر بخاری نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) بزنس کونسل کی تشکیل نو کی ہے تاکہ سی پیک کے تحت ملک میں نئی صنعتوں کے قیام کے عمل میں تیزی لائی جا سکے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری کی ہدایت پر صنعتی تعاون کے حوالے سے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے کنوینئر کی حیثیت سے انہوں نے بزنس کونسل کی تشکیل نو کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سی پیک بزنس کونسل کے چیئرمین اوراسٹیئرنگ کمیٹی کے اراکین کی تعیناتی کی گئی ہے۔ ایڈوائزری گروپ کے ٹی او آرز کے تحت یہ فورم سی پیک سے متعلق نجی سرمایہ کاری کے حوالے سے حکومت اور کاروباری برادری کا مشاورتی فورم ہو گا۔ مزید برآں گروپ صنعتی تعاون کے تحت پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کے حوالے سے تجاویز مرتب کرے گا اور اس حوالے سے متعلقہ منصوبوں کے بارے میں چینی کمپنیوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ اسی طرح پاک چین صنعتی تعاون کے تحت یہ گروپ جاری کاروباری رابطوں کے فروغ اور سی پیک کے تحت مستقبل کے منصوبوں کے لئے بزنس ماڈل بھی تیار کرے گا۔

تازہ ترین