• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، ڈبلیو ایس ایس پی ملازمین کی سکریننگ کا آغاز

پشاور (وقائع نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے فیلڈ ملازمین کی کورونا وائرس کیلئے سکریننگ شروع کر دی گئی جس کا آغاز زون اے فقیر آباد سے کیا گیا پہلے روز دو سو سے زائد ملازمین کے نمونے لیکر ٹیسٹ کیلئے گئے بھیجے گئے۔ سکریننگ کے لئے چیف ا یگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے حکومت سے رابطہ کیا تھا صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشاور نے اس مقصد کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں ڈاکٹر عامر سردار، ڈاکٹر الطاف، ڈاکٹر گل تاج، ڈاکٹر عمیر، ڈاکٹر اکرم، ڈاکٹر خالد، ڈاکٹر فضل، ٹیکنیشن فواد، زبیر اور فخر عالم پر مشتمل تین ٹیمیں سکریننگ کر رہی ہیں۔ ڈبلیو ایس ایس پی ملازمین معمول کی خدمات کی فراہمی اور کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن کردار کردار ادا کر رہے ہیں جو وائرس سے متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں ، چاروں زونز میں دو ہزار سے زائد خاکروبوں، ڈرائیورروں، کٹھہ قلیوں اور ہیلپروں کی سکریننگ کی جائے گی ، ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں ملازمین کو آئیسولیشن بھیجا جائے گا اور انہیں علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، زون اے کے بعد زون سی، زون ڈی اور آخری مرحلے میں زون بی میں سکریننگ کی جائے گی۔ پچھلے سال ڈبلیو ایس ایس پی نے ہیپاٹائٹس سے بچائو کے لئے ملازمین کی سکریننگ کی تھی جن ملازمین میں مرض کی تشخیص ہوئی تھی انہیں علاج کی سہولت فراہم کی تھی۔ کورونا وائرس سکریننگ کا مقصد ملازمین اور ان کے خاندانوں کو مرض سے بچانا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ایس ایس پی ملازمین فرنٹ لائن پر ہیں ان کا تحفظ اولین ترجیح ہے اس مقصد کے لئے سکریننگ کر رہے ہیں ، ملازمین کو ذاتی تحفظ کے آلات (پی پی ایز) فراہم کئے ہیں۔
تازہ ترین