• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخوپورہ، مسافر وین ٹرین کی زد میں آنے سے 19سکھ یاتری ہلاک


فیصل آباد سے لاہور آنے والی ٹرین شاہ حسین ایکسپریس سکھ خاندان سے بھری ویگن سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں19سکھ یاتری ہلاک ہوگئے۔

ترجمان ریلوے کا کہناہے کہ شاہ حسین ایکسپریس فاروق آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب سکھ برادری کی کوسٹر سے ٹکرائی، حادثے میں سکھ خاندان کے 19 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچا دیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ فاروق آباد اور بحالی ریلوے اسٹیشن کے درمیان بغیر پھاٹک کی کراسنگ پر اُس وقت پیش آیا جب ڈرائیور نے پھاٹک سے پیچھےکچے راستے سےکوسٹر گزارنے کی کوشش کی۔

ترجمان ریلوے نے بتایا ہے کہ کوسٹر میں ایک ہی سکھ خاندان کے 25 افراد سوار تھے، سکھ خاندان پشاور سے ننکانہ صاحب فوتگی پر آیا تھا۔ کوسٹر پشاور سے واپس جاتے ہوئے سچاسودا گوردوارہ کے قریب ٹرین سے ٹکرائی۔

وزیراعظم کی تعزیت

وزیراعظم عمران خان نے شیخوپورہ میں ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ 

صدر عارف علوی کا اظہار افسوس

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے بھی شیخوپورہ میں وین حادثے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

انہوں نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہارکیا اور کہا کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

شبلی فراز کی غمزدہ خاندانوں سے تعزیت

وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے شیخوپورہ ٹرین حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کی۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعابھی کی۔

شہباز شریف کا افسوس

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی شیخوپورہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ 

تازہ ترین