• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی کابینہ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ ترمیم کی منظوری دی ہے، اجمل وزیر

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 ترمیم کی منظوری دی ہے، ترمیم کا مقصد پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں اور تعمیراتی شعبے کو فروغ دینا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اجمل وزیر نے مزید کہا کہ ترمیم کا مقصد سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنا ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت ہے کہ زرعی زمینوں کے تحفظ کے لیے حکمت عملی مرتب ہو۔

اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ایس ایم بی آر، محکمہ بلدیات اور ہاؤسنگ کو مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ مالی اخراجات یا فنڈنگ سے متعلق ایم او یوز کی کابینہ سے منظوری لازمی ہوگی اور نئے طریقہ کار کے مطابق محکمے براہ راست ایم او یوز پر دستخط کے مجاز نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے مائینز اینڈ منرلز ایکٹ 2017 میں بھی ترمیم کی منظوری دی ہے، منرلز ٹائٹل کمیٹی میں دو ارکان کے اضافے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ باغ ڈھیری ایریگیشن اسکیم ضلع سوات کا نام تبدیل کرکے شموزئی ایریگیشن اسکیم رکھنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ چترال، ایون، بمبوریت روڈ کو وفاق سے سی اینڈ ڈبلیو کی تحویل میں دینے کی بھی کابینہ نے منظوری دی ہے۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے ہائر ایجوکیشن آف ریسرچ اینڈ ٹریننگ کے ڈائریکٹر کے لیے پروفیسر تسبیح اللّٰہ کے نام کی منظوری دی، ڈپارٹمنٹل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کا دائرہ اختیار 10 کروڑ سے بڑھا کر 20 کروڑ کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ گزشتہ روز صوبے کے مزید پانچ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، اب تک صوبے کے 243 مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، ان متاثرہ علاقوں میں کورونا مریضوں کی تعداد 2717 ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے آرڈیننس نافذ کر رکھا ہے۔

تازہ ترین