لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت بلاول ہائوس لاہور میں ملکی و سیاسی صورتحال پر پی پی پی کے سینئر رہنماؤں کا اہم ویڈیو لنک اجلاس ہوا،دوسری جانب سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن اور بلاول بھٹوکے درمیان ٹیلی فونک رابط ہوا جس میں سیاسی امور پرگفتگو کے علاوہ مولانا فضل الرحمٰن نے سندھ میں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔فضل الرحمٰن گزشتہ روز کراچی پہنچے انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو فون کر کے عوام دشمن بجٹ پر تبادلہ خیال کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کی حکومت جان بوجھ کر کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کم کررہی ہے، کورونا وائرس سے متعلق اعدادوشمار چھپا کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔