• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

65 کی جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دستاویزی فلم نشر

65 کی جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دستاویزی فلم نشر  


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان کے بہادر سپوت اور جنگ ستمبر کے ہیرو ایم ایم عالم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے ان کے یوم ولادت پر ایک مختصر دستاویزی فلم نشر کر دی۔ 6 جولائی 1935 کو کلکتہ میں جنم لینے والے محمد محمود عالم کا خاندان قیام پاکستان کے وقت مشرقی پاکستان منتقل ہوگیا تھا۔ ملکی سرحدوں کی حفاظت کے جذبے سے سرشار ایم ایم عالم نے 1953 میں پاک فضائیہ میں کمیشن حاصل کیا۔ جنگ ستمبر میں سکواڈرن لیڈر عالم دشمن کے لئے پیام اجل ثابت ہوئے۔ انہوں نے 7ستمبر 1965 کو ایک مشن کے دوران پانچ بھارتی جہاز گرا کر ایک ناقابلِ فراموش کارنامہ سر انجام دیا۔ انہوں نے اس جنگ میں مجموعی طور پر بھارت کے نو طیارے تباہ کئے اور دو کو جزوی نقصان پہنچایا۔ ان کی بہادری کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں دو مرتبہ ستارہ جرأت سے نوازا۔ ایم ایم عالم کا شمار ان غازیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے پاک فضائیہ کو دشمن پر واضح برتری دلوائی اور قومی پرچم کو سربلند رکھا۔ وہ پاک فضائیہ کے فائٹر پائلٹس کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

تازہ ترین