• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کےالیکٹرک کے ظلم کے پیچھے پی ٹی آئی قیادت ہے، مرتضیٰ وہاب


سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کےالیکٹرک کے خلاف پی ٹی آئی کا مظاہرہ ’اُلٹا چور کوتوال کو ڈانٹے‘ کے مترادف ہے، جبکہ کےالیکٹرک کے ظلم کے پیچھے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پی ٹی آئی کے کےالیکٹرک کے خلاف احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کے نرخ بڑھانے کے بعد واویلا مچانے سے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا، دھرنا پارٹی کے دھرنے سے عوام بخوبی واقف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کےالیکٹرک کےخلاف دھرنا اگر وزیراعظم اور وزارت توانائی کی نااہلی پر ہوتا تو بات سمجھ میں آتی۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کا دھرنا کےالیکٹرک کے کراچی والوں پر لگے زخموں پر نمک پاشی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کےالیکٹرک مریخ یا کسی اور ملک کے کنٹرول میں نہیں سلیکٹڈ وزیراعظم کے ماتحت ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جن لوگوں نے کارروائی کرنی ہے وہ احتجاج کررہے ہیں، جبکہ کےالیکٹرک نے کراچی کے شہریوں اور کاروباری و صنعتی طبقے کا خون نچوڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا پیڈ دھرنا پروگرام کراچی کے مظلوم شہریوں کی آواز سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

تازہ ترین