انسانی مجموعی صحت میں وٹامن ڈی کا بہت اہم کردار ہے ، دھوپ سیکنا وٹامن ڈی حاصل کرنے کا سستا اور اہم ترین ذریعہ ہے ، دھوپ سیکنے کی صورت میں انسانی جسم میں قدرتی طور پر وٹامن ڈی کی افزائش ہوتی ہے جبکہ اس کی کمی سے بہت سی بیماریاں جنم لیتی ہیں ۔
طبی ماہرین کے مطابق وٹامن ڈی حاصل کرنے کے لیے صبح 10 بجے سے پہلے اور شام 4 بجے کے بعد کی دھوپ میں 20 سے 25 منٹ کے لیے بیٹھنا چاہیے، اگر مصروف روٹین میں دھوپ سیکنا ناممکن ہو تو وٹامن ڈی کی کمی پوری کرنے کے لیے سپلیمنٹس بھی لیے جا سکتے ہیں، وٹامن ڈی کی افزائش کے لیے مثبت غذا کا استعمال بھی لازمی ہے ۔
وٹامن کی کمی کی وجوہات
طبی ماہرین کے مطابق وٹامن ڈی کی کمی کی وجوہات میں میں دھوپ نہ سیکنے سمیت غیر مناسب غذا کا استعمال بھی شامل ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی کی اہم وجہ سورج کی شعاؤن سے دور رہنا ہے ۔
ماہرین کے مطابق جو افراد دن کے اوقات میں گھروں اور دفتروں میں مصروف اور دھوپ سے دور رہتے ہیں ان میں وٹامن ڈی کی کمی پائی جانا عام سی بات ہے ۔
ماہرین کے مطابق سورج کو شعائیں وٹامن ڈی بننے کے عمل اور اسے محفوظ کرنے میں مدد دیتی ہیں اس لیے دھوپ سیکنا بہت اہم ہے ۔
وٹامن ڈی کی کمی سے صحت پر کیا منفی اثرات آ سکتے ہیں ؟
زخموں کا دیر سے بھرنا
طبی ماہرین کے مطابق وٹامن ڈی کی کمی سے زخم بھرنے کا عمل سُست ہو جاتا ہے ، اگر آپ ورزش کرنے کے عادی ہیں اور ورزش کرتے ہوئے تھوڑی ہی دیر میں تھک جاتے ہیں تو یہ بھی وٹامن ڈی کی کمی کی علامتوں میں سے ایک ہے ، وٹامن ڈی کی کمی کے سبب ورزش کے دوران تناؤ بڑھنے سے متاثر ہونے والے پٹھے تا دیر صحت مند نہیں ہو پاتے ہیں۔
کمزور ہڈیاں
غذا کا غیر مناسب ہونا اور دھوپ بھی نہیں سیکنے کے نتیجے میں وٹامن ڈی کی کمی کی وجہ سے ہڈیاں بھی کمزور ہو جاتی ہیں ، طبی ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ اگر دھوپ سیکنے سے قاصر ہوں تو اپنی غذا میں وٹامن ڈی کا استعمال کریں یا پھر روزانہ اپنے معالج کی جانب سے تجویز کردہ سپلیمنٹس لیں۔
بالوں کا گرنا
اگر آپ کے بال عام روٹین سے زیادہ جھڑ رہے ہیں تو یہ وٹامن ڈی کی کمی کے سبب بھی ہو سکتا ہے ، ایک تحقیق کے مطابق خواتین اور مردوں میں بال جھڑنے کی ایک اہم وجہ وٹامن ڈی کی کمی بھی ہوتی ہے ، وٹامن ڈی کی کمی کے سبب بالوں کی جڑوں میں سیرم کی افزائش کاعمل رُک جاتا ہے اور بال جھڑنا شروع ہو جاتے ہیں ۔
سانس لینے میں دشواری
اگر آپ کو بغیر کسی بھاگ دوڑ کے بھی سانس پھولنے کی شکایت ہے تو یہ وٹامن ڈی کی کمی کے سبب بھی ہو سکتا ہے ، اپنے معالج سے رابطہ کریں اور وٹامن ڈی سے بھرپور غذاؤن کا استعمال کریں ، وٹامن ڈی کی کمی پوری ہونے میں وقت درکار ہوتا ہے ، اس لیے خود کو اس سے بچانے کے لیے روزانہ وٹامن ڈی کا استعمال لازمی کریں ۔
انفیکشن اور وائرل کے خدشات
وٹامن ڈی کی کمی سے انسان انفیکشن اور وائرل سے بچنے کی صلاحیت کھو بیٹھتا ہے اور موسمی اثرات سے جلد متاثر ہو جاتا ہے، اگر آپ اکثر اوقات بیمار رہتے ہیں تو یہ وٹامن ڈی کی کمی کے سبب بھی ہو سکتا ہے ۔
وٹامن ڈی کی کمی پوری کرنے کے لیے اپنی غذا میں روزانہ کی بنیاد پر انڈہ اور پنیر کا استعمال لازمی کریں۔