• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قدرتی دولت سے مالا مال سمندر کچرا کنڈی میں تبدیل کیا جا رہا ہے،عبدالبر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے کہا ہے کہ قدرتی دولت سے مالا مال سمندرکو کچرا کنڈی میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔جس کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ سمندری حیات کو بھی خطرات پیدا ہوتے جا رہے ہیں۔پورے کراچی کا گندا پانی سمندر میں پھینکا جا رہا ہے۔اور ساحلی مقامات پر کچرا پھینک کر اسے مسلسل آلودہ کیاجانا انتہائی افسوس ناک امر ہے۔ماحولیاتی آلودگی اور سمندری حیات کے تحفظ کے اداروں کی خاموشی بھی معنی خیز ہے۔ان خیالات کا اظہارچیئرمین عبدالبر نے سمندری جزیروں پر اپنی مدد آپ کے تحت شروع کی جانے والی صفائی مہم کے آغاز کے موقع پر ایف سی ایس کے افسران اور ماہی گیر رہنماوں کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔چیئرمین عبدالبر نے کہا کہ فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی اپنے ماہی گیروں کے تعاون سے اپنی مدد آپ کے تحت تمام سمندری جزیروں پر صفائی ستھرائی کے کام انجام دے گی۔ابتدائی طور پرجمعہ کے روز بھٹ آئی لینڈ پر فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کے ڈائریکٹر ز آصف اقبال بھٹی اور حاجی عبدالروف ابراہیم کی سربراہی میں صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین