• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنزر ویٹو رکن پارلیمنٹ جیمز ڈالی کا کونسلر کا عہدہ چھوڑنے سے انکار

بری(خورشید حمید ) بری نارتھ سے کنزرویٹو پارٹی کے رکن پارلیمنٹ جیمز ڈالی نے بری بارو کے کونسلر کے حیثیت سے اپنا عہدہ چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ وہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ بری کی کونسلر شپ سے کب دستبردار ہوں گے - یادرہے کہ حال ہی میں ان سے سوال کیا گیا تھا کہ وہ ٹیکس ادا کرنے والوں کی آمدنی سے نوے ہزار پونڈ تنخواہ لے رہے ہیں جبکہ وہ بحیثیت کونسلر بھی 8708 پونڈ تنخواہ لے رہے ہیں - اصولی طور پر انہیں ایم پی بننے کے بعد کونسلر کے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہئیے تھا لیکن کورونا وائرس کے بعد چونکہ کونسل کے اجلاس منسوخ ہو چکے ہیں اس لئے وہ ابھی تک اس عہدے پر فائز ہیں - میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ”نوکمنٹ“ کہہ کر بات کو ختم کر دیا - یادرہے کہ پینڈل سے لنکا شائرکاؤنٹی کونسل کے رکن کرسچن ویکفورڈ بری ساؤتھ سے رکن پارلیمنٹ ہیں جو محض اس لئے کونسلر کی حیثیت سے مستعفی نہیں ہوئے کیونکہ اس سال لوکل الیکشن نہیں ہو سکے - بری کونسل کے ڈپٹی لیڈر کونسلر تیمور طارق سے بھی اس”دوہری تنخواہ “ کے حوالے سے سوال کیا گیا - جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اس پر حیران ہیں کہ ایک ایسا شخص جو رکن پارلیمنٹ بھی ہے اور مقامی کونسلر بھی - ایم پی کی حیثیت سے اس کی تنخواہ 90302 پونڈ ہے لیکن وہ بری کونسل سے بھی بنیادی الاؤنس لے رہا ہے - تاہم یہ فیصلہ کرنا لیڈر کا کام ہے کہ آیا ٹیکس ادا کرنے والوں کی آمدنی سے دوہری تنخواہ لینا درست ہے یا نہیں - کونسلر ڈالی نے رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد مئی میں ہونے والی کونسل کی میٹنگ میں کنزرویٹو پارٹی کے لیڈر کی حیثیت سے اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا -البتہ وہ ابھی تک کونسلر کے عہدے سے مستعفی نہیں ہوئے -کونسلر ڈالی نے کہا کہ ان کے ذاتی حالات کو کونسل کی میٹنگ میں زیر بحث لانا غلط ہے کیونکہ کونسل کی میٹنگ میں بہت سے ایسے ایشوز زیر بحث آنے ضروری ہیں جن کا براہ راست تعلق شہریوں کے ساتھ ہوتا ہے - میرے متعلق کونسلر طارق کے ایسے خیالات سن کر مجھے خوشی تو ہوئی ہے لیکن کیا کریں کہ ہمیں اکٹھے کام کرنا ہے اس لئے میں انہیں اہم سمجھتا ہوں -کونسلر تیمور طارق نے میرے بارے میں ریمارکس تو دے دئے لیکن بہتر ہوتا کہ وہ میرے ساتھ میز پر بیٹھ کر عوام کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دیتے - یادرہے کہ بری نارتھ سے سابق رکن پارلیمنٹ جیمز فرتھ نے 2015ءمیں جب پارلیمنٹ کا الیکشن لڑ اتھا تو انہوں نے کونسلر کو عہدہ چھوڑ دیا تھا - 

تازہ ترین