نامور بھارتی اداکار امیتابھ بچن نے اپنے بیٹے ابھیشیک بچن کو اپنے لیے مشکل وقت میں ایک راحت قرار دے دیا۔
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے، اداکار ابھیشیک بچن، ہمیشہ سے فلمی دنیا کے سب سے پسندیدہ باپ بیٹوں میں شمار ہوتے ہیں۔ دونوں اپنی خاموش محبت اور جذباتی تعلق کو اکثر دل سے جڑے لمحات کے ذریعے ظاہر کرتے ہیں۔
اب امیتابھ نے ایک نہایت ذاتی لمحہ شیئر کیا ہے جو اس رشتے کی اصل روح کو اُجاگر کرتا ہے۔
اپنے حالیہ بلاگ پوسٹ میں 81 سالہ اداکار نے بتایا کہ کس طرح ابھیشیک کی بنا اطلاع دیے کمرے میں آمد نے انہیں اضطراب اور بےچینی کے عالم میں سکون اور راحت بخشی۔
امیتابھ نے لکھا، ’اور بےربطی، بے سمتی اور بیکاری کے کرب میں، ایک خوشگوار سانس آتا ہے جب بیٹا کمرے میں بنا اطلاع دیے داخل ہوتا ہے، یہ حیرت زدہ ہے اور یوں ساری منفی سوچیں، فکر اور بےچینی دھل جاتی ہیں۔‘
اس موقع پر امیتابھ نے بیٹے کی گرمجوشی اور محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ابھیشیک ایک خوبصورت، خیال رکھنے والا ساتھی، دوست اور اس سے بھی بڑھ کر ہے۔
انہوں نے اس بات پر شکرگزاری کا اظہار کیا کہ عوامی زندگی کی دہائیوں بعد بھی خاندان کی موجودگی انہیں سکون اور یقین فراہم کرتی ہے۔