• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف پرامن احتجاجی کیمپ کا اہتمام

کشمیر کونسل یورپین یونین (ای یو) کے زیر اہتمام 13 جولائی کی مناسبت سے بلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں بھارتی مظالم کے خلاف ایک پرامن احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔

کیمپ یوم شہدائے کشمیرکے موقع پر یورپی ہیڈکوارٹرز میں یورپی یونین کے اہم اداروں بشمول ای یو ایکسٹرنل ایکشن سروس اوریورپی کمیشن کے سامنے لگایا گیا ۔

اس دوران میگا فون اور بروشرز کے ذریعے لوگوں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا گیا اور ان مظالم کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔

13جولائی 1931 وادی کشمیر کی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے کہ جب کشمیر کی سفاک ڈوگرہ حکومت نے سری نگر میں فائرنگ کرکے 22 نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

یہ مظلوم کشمیری سری نگر کی جیل کے باہر جمع تھے جہاں سے قید ایک کشمیری رہنما عبدالقدیر خان کو مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت لے جایا جانا تھا۔

احتجاجی کیمپ کے موقع پر یورپی باشندوں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔ کیمپ کےدوران یورپی باشندوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے گہری دلچسپی لی اور کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر افسوس ظاہر کیا۔

کیمپ کے اہم شرکاء اور منتظمین میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید، ورلڈ کشمیر ڈائس پورہ الائنس یورپ کے سربراہ چوہدری خالد جوشی، سینئر کشمیری رہنما سردار صدیق، ممتازکشمیری رہنما راجہ جاوید اختر، پی پی پی کے سینئر رہنما حاجی وسیم اختر، ممتاز دانشور راؤ مستجاب احمد ، کشمیرانفو کے چیئرمین میر شاہجہان، سماجی شخصیات افتخاراحمد (پھا بلو)، کینتھ رائے، مقامی کونسلر عامرنیم سنی، راجہ عبدالقیوم، ندیم مہر، عثمان جوشی، سلیم احمد، مہدی رضا، اور انصار شاہ شامل تھے۔

واضح رہے کہ یورپی ہیڈکوارٹرز کے سامنے یہ کیمپ ایسے وقت لگایا گیا جب 15جولائی کو بھارت اور یورپی یونین کا آن لائن سربراہی اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ یہ اجلاس اس سے پہلے کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا۔

تازہ ترین