• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں اسٹوروں پر خریداری کیلئے آنے والے صارفین کیلئے ماسک لازمی قرار دیدیا گیا

راچڈیل (ہارون مرزا)برطانیہ میں کورونا وائر س کی روک تھام کیلئے اگلے ہفتے سے تمام سٹوروں پر خریداری کیلئے آنیوالے صارفین اور دکانداروں کیلئے چہرے پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دیدیا گیا ہے دکانداروں اور سٹور مالکان کو تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ صارفین کو چہرے پر ماسک کے استعمال کا مشورہ دیں، انفیکشن کا پھیلائو روکنے کیلئے قواعدو ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائیگا اور اس سلسلہ میں پولیس اہلکاروں کو خلاف ورزی کرنیوالوں پر جرمانے عائد کرنے کے اختیارات بھی سونپے جائیں گے جو ماسک کا استعمال نہ کرنیوالے شہریوں کو 100پائونڈ تک جرمانہ کرسکیں گے ،دوسری طرف فیصلے پر بعض عوامی حلقوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام نے صارفین میں الجھن پیدا کر دی ہے، برٹش ریٹیل کنسورشیم کے چیف ایگزیکٹو ہیلن ڈکنسن نے کہا کہ صارفین کے ساتھ دوکانداروں کو اپنے کارکنان کو انفیکشن سے بچانے کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا جائے، میٹروپولیٹن پولیس فیڈریشن کے چیئرمین کین مارش نے فیصلے پر کہا ہے کہ چہرے پر ماسک کے استعمال کو سو فیصد یقینی بنانا ناممکن ہے، ہمارے پاس ہر دوکان کے باہر پولیس کھڑی کرنے کیلئے نفری نہیں، نہ ہی ایسا ممکن ہو سکتا ہے، اس بارے میں عوام میں آگاہی ہونی چاہیے، میئر لندن صادق خان نے دار الحکومت لندن میں مسافر بسوں میں سفر کرنیوالے مسافروں کی طرف سے ماسک کے استعمال کی پابندی ہوا میں اڑانے کے عمل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے قوانین کے تحت شہری فرنٹ لائن این ایچ ایس کارکنوں کیلئے استعما ل ہونیوالے میڈیکل گریڈ ماسک کی بجائے عا م کپڑوں سے تیار کردہ ماسک بھی استعمال کر سکتے ہیں، صرف چھوٹے بچے یا کچھ معذور افراد ہی نئے قواعد و ضوابط سے مستثنیٰ ہوں گے انہوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، سپر مارکیٹیوں ‘ اور دوکانوں پر صارفین کو ماسک کا استعمال کرنا چاہیے، حکومت کو یہ یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ٹیسٹ ، ٹریس ، الگ تھلگ نظام مکمل طور پر چل رہا ہو، جے ڈی سپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پیٹر کوگل نے حکومت کی طرف سے انگلینڈ میں دکانوں میں چہرے کے ماسک کے لازمی استعمال کے حکم دینے میں تاخیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صارفین کا اعتماد متاثر ہوگا سیکرٹری برائے ماحولیات جارج ایوائس نے کہا ہے کہ چہرے پر ماسک کا استعمال ہر دوکاندار کیلئے لازم ہوگا،پب اور ریستوران میں اس کے لیے نرمی کی جائے گی، کیونکہ وہاں لوگ کھانے پینے کے لیے جاتے ہیں اور ماسک کے ساتھ یہ ممکن نہیں ‘ماسک کے استعمال اور اسکے فوائد سے متعلق رہنمائی کے سلسلہ کو آہستہ آہستہ مستحکم بنایا جا رہا ہے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی پالیسی کے مطابق عوام کی رہنمائی جاری ہے، ماسک کے استعمال کو پہلے پبلک ٹرانسپورٹ میں لازمی قرار دیا گیا اور اب اگلے مرحلے میں دوکانوں پر اسکا استعمال یقینی بنایا جائیگا، برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت نے دس فیکٹریوں کی پروڈکشن لائنیں خریدی ہیں جو ایک ہفتہ میں پچاس لاکھ ماسک بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، کورونا وائرس کی دوسری ممکنہ لہر سے بچائو کیلئے حکومتی سطح پر کوششیں جاری ہیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں ۔

تازہ ترین