ماہرین نے زیادہ کھیرے کھانے والوں کی صحت کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ہارٹ سرجن ڈاکٹر اسٹیون گیونڈری نے اپنی حالیہ تحقیق میں یہ بات ثابت کی ہے کہ آلو، کھیرے اور ٹماٹر کا حد سے زیادہ استعمال آپ کی دماغی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ان تینوں سبزیوں میں ایک ایسا پروٹین پایا جاتا ہے جس کا زیادہ استعمال دماغی امراض ڈیمنشیا اور الزائمر کا سبب بن سکتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان بیماریوں کے سبب ایک جانب تو انسان کی یادداشت متاثر ہوتی ہے جبکہ دوسری جانب دماغی توازن کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہوتا ہے۔
کھیرے، آلو اور ٹماٹر میں موجود پروٹین جب حد سے زیادہ انسانی خون میں شامل ہو جائے تو یہ جسم کے دفاعی نظام اور دوران خون کے نظام میں بھی تبدیلی لانے کا باعث بنتا ہے۔
عالمگیر وبا کورونا کے دور میں ماہرین صحت دفاعی نظام کو مضبوط کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تو ایسے میں ان سبزیوں کا استعمال اعتدال سے کیا جائے تو کورونا کیخلاف قوت مدافعت مضبوط بھی کی جاسکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان سبزیوں میں موجود پروٹین خون کی شریانوں کو متاثر کر کے جسم کے دیگر حصوں کو مفلوج کرنے کا بھی باعث بن سکتا ہے۔
یہ حقیقت ہے کہ گرمی کے موسم میں ان تینوں سبزیوں کا استعمال پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے زیادہ ہی کیا جاتا ہے لیکن ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ہر چیز کو اعتدال میں استعمال کیا جائے۔