راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت گواہ نہ آنے پر بغیر کسی کارروائی کے سولہ اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج نے گزشتہ سماعت پر سمن جاری کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہ غلام اصغر جتوئی کو گیارہ اپریل کو طلب کیا تھا تاہم گزشتہ روز سماعت شروع ہوئی تو عدالت کو بتایا گیا کہ غلام اصغر جتوئی ریٹائر ہوکر اپنے آبائی علاقے پنوں عاقل چلے گئے ہیں جنہیں سمن تعمیل نہیں ہوسکے تاہم جب انہیں فون پر اطلاع دی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے مناسب وقت دیا جائے کیونکہ ایک روز میں میرا راولپنڈی پہنچنا مشکل ہوگا جس پر عدالت نے دوبارہ سمن جاری کر کے سماعت سولہ اپریل تک ملتوی کر دی۔ دریں اثناء ایف آئی اے کے سینئر پراسیکیوٹر چوہدری اظہر کو عدالتی حکم کے باوجود تاحال سکیورٹی فراہم نہ کرنے پر آئی جی پنجاب کو دوبارہ حکم دیا گیا کہ فوری طور پر پراسیکیوٹر کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔