سینیٹ الیکشن پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری اور پی پی رہنما شرجیل میمن میں نوک جھونک ہوگئی ۔
بلاول بھٹو کے بیان پر فیصل سبزواری نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں دھاندلی صرف اور صرف سندھ میں ہوئی، اس پر شرجیل بھی میدان میں کود پڑے۔
ایم کیو ایم رہنما کے الزام پر شرجیل انعام میمن نے سوال داغ دیا اور استفسار کیا کہ سینیٹ الیکشن میں فروغ نسیم کو پی ایس پی کے ووٹ کیسے پڑے؟
انہوں نے فیصل سبزواری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خیال تھا کہ آپ کراچی میں اپنے مینڈیٹ کی چوری پر بات کریں گے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ آپ کا کراچی میں مینڈیٹ اس جماعت نے چوری کیا جو آج کل آپ کی محبوب اتحادی ہے۔
شرجیل میمن نے پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اتحاد کو معصومانہ مفاہمت قرار دیا۔
اس سےقبل ایم کیو ایم رہنما نےایک ٹوئٹ میں بلاول بھٹو کے بیان کو سلیکٹڈ معصومیت قرار دیا اور کہا کہ سندھ میں دھاندلی آپ کی سربراہی میں آپ کی جماعت نے کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول صاحب، آپ کے کتنے ارکان اسمبلی تھے اور کتنے سینیٹر بنے اتنا حساب کتاب تو آتا ہی ہوگا۔
فیصل سبزواری نے الزام لگایا کہ دوسری جماعت کے ایم پی ایز کو آپ کے وزراء فخر سے اپنی گاڑیوں میں لائے۔